بنگلورو۔28؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے جو ڈی وائی ایس پی گنپتی کی مبینہ خود کشی کے معاملے میں اٹھنے والے سیاسی طوفان میں گھرے ہوئے ہیں ۔آج انہوں نے اس معاملہ میں اپنے بے قصور ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ پہلے ہی اس معاملہ میں انہوں نے جانچ کا سامنا کیا ہے، اب دوبارہ سی بی آئی اگر جانچ کرنا چاہے تو اس کیلئے بھی وہ تیار ہیں، لیکن اس معاملہ کو سی بی آئی کے سپرد کرنے اور ریاست میں کانگریس حکومت کو بدنام کرنے کیلئے مرکز کی بی جے پی حکومت سی بی آئی پر غیر ضروری دباؤ ڈال رہی ہے۔ آج وزیر اعلیٰ سدرامیا کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جارج نے کہاکہ بی جے پی والوں کو دوسرا کوئی کام نہیں ہے اسی لئے وقتاً فوقتاً ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے پر بے چین ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کل بنگلور میں کرناٹک میں بی جے پی امور کے انچارج مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر کا یہ بیان کہ ڈی وائی ایس پی گنپتی کے ویڈیوکو مرنے والے کا اقرار نامہ سمجھ کر اسے بطور ثبوت شامل کیا جائے ، اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی تحقیقاتی ایجنسی پر اپنا اثر ورسوخ قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔جارج نے کہاکہ صرف جاؤڈیکر نے ہی نہیں بلکہ دیگر بہت سارے مرکزی وزراء بھی اس معاملے میں سی بی آئی پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔جارج نے کہاکہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق سی بی آئی کو تین ماہ کے اندر اس معاملہ کی جانچ مکمل کرتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کرنے ہوگی۔ رپورٹ ملنے کے بعد انہیں یقین ہے کہ حقیقت بھی سامنے آجائے گی۔